اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں وکلا کی ملاقات نہ کرانے پر سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس کر دیا۔ ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے بانی پی ٹی آئی کی توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی، جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وکیل کو ہدایت کی کہ تب تک آپ دیگر پہلوئوں پر بھی غور کر لیں۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں دیئے گئے عدالتی آرڈر کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی، ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ایس او پیز بنانے کی ڈائریکشن دی تھی، اگر خلاف ورزی ہوئی ہے تو توہینِ عدالت کی درخواست اس بینچ میں ہوگی۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ریمارکس میں کہا کہ میرے خیال میں یہ توہینِ عدالت کی درخواست اس کیس میں نہیں بنتی، میں نوٹس جاری کر دیتی ہوں لیکن میں مطمئن نہیں ہوں۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں وکلا کی ملاقات نہ کرانے پر سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کردیا ۔