پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے نئی تاریخ رقم کردی، وہ 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بن گئے ہیں۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ’براڈ بوائے‘ کے نام سے مشہور کاشف شہروز آج صبح شیشاپنگما کی چوٹی پر پہنچ گئے۔ شہروز کاشف سرباز خان کے بعد دوسرے پاکستانی ہیں جنہوں نے تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کی ہیں، سرباز نے گزشتہ ہفتے شیشا پنگما سر کرکے یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی ماونٹینئر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ شہروز کاشف کا ایٹ تھائوزنڈر سر کرنے کا سفر 2019ء میں شروع ہوا، جب انہوں نے صرف 17 سال کی عمر میں 8047 میٹر بلند براڈ پیک کو سر کیا، یہ ایک شاندار شروعات تھی جو انہیں بین الاقوامی سطح پر مشہور کرگئی۔سال 2021 میں شہروز نے ماونٹ ایورسٹ، مناسلو اور کے ٹو کی چوٹیوں کو سرکیا جبکہ 2022ء میں شہروز کاشف نے کین چنجونگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گیشر برم ون اور گیشر برم ٹو کی چوٹیوں پر پہنچ کر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنیوالے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما بن گئے
Oct 09, 2024 | 15:03