لاہور + اسلام آباد + کراچی (نامہ نگاران + نیوز ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ پھرسے بڑھا دیا گیا ہے کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ 6 سے 8 گھنٹے تک پہنچ گئی افطاری اور سحری کے اوقات میں بھی بجلی بند ہونے سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی بھی شدید متاثر ہوئی ہے جبکہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2009 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ سرگودھا سے نمائندگان کے مطابق گرمی اور حبس مےں بجلی کی عدم دستےابی کے باعث درجنوں افراد جن مےں روزہ دار بھی شامل ہےں بے ہوش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہےں۔ علاوہ ازیں وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 13 ہزار 6 سو 92 میگاواٹ جبکہ طلب 15 ہزار سات سو ایک میگاواٹ ہے۔ جی این آئی کے مطابق حکام نے پشاور سمیت سرحد کے تمام اضلاع اور لاہور میں لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ادھر کوئٹہ میں 6 سے 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔