مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ملک کے کسی بھی حصے میں شوال کا چاند نظرنہیں آیا لہذا عید الفطر ہفتے کے روز ہوگی جبکہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے کل عید منانے کا اعلان کردیا ہے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی زیرصدارت کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹی کراچی کے ارکان، محکمہ موسمیات، سپارکو،اسپیس اور پاکستان نیوی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ دوسری طرف علاقائی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد ہوئے۔ کراچی میں مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں شوال المکرم چودہ سو اکتیس ہجری کا چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کوئی قابل ذکر شہادت ملی ہے، لہذا ملک میں عیدالفطرگیارہ ستمبرکو ہفتے کے روز ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور سیلاب زدگان کی ہرممکن مدد کریں۔ ادھر پشاور کی جامع مسجد قاسم خان میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کی۔ انہوں نے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ انہیں چاند نظر آنے کی بارہ شہادتیں مردان اور پشاورسے موصول ہوئی ہیں لہذا جمعے کے روزعید ہوگی۔ اس موقع پرخیبر پختونخوا کے سینیئروزیر بشیر احمد بلور نے حکومت کی جانب سے پورے صوبے میں جمعے کے روز عید منانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں عید سادگی سے منائی جائے گی۔  

ای پیپر دی نیشن