ضلع دادو میں میاں کنڈی کے مقام پرایف پی بند میں پڑنے والا شگاف مزید چوڑا ہونے سے دادو شہرمیں پانی داخل ہونے کا خطرہ بڑھ گیا۔ جبکہ شہرکی اسی فیصد آبادی محفوظ مقام کی جانب نقل مکانی کرگئی۔

ضلع دادو میں میاں کنڈی کے مقام پرایف پی بند میں پڑنے والے شگاف کے بعد سیلابی ریلا تیزی سے دادو شہرکی جانب بڑھ رہا ہے۔ ایف پی بند میں پڑنے والے شگاف کو پُرکرنے کیلئے آرمی کی انجنیئرنگ کور، محکمہ آبپاشی کے اہلکاراورمقامی لوگ مل کر کام کررہے ہیں۔ اُدھردادو شہر کی طرف بڑھنے والا سیلابی پانی منچھر جھیل میں گرنا شروع ہوگیا ہے، اس وقت ایم این وی ڈرین ،ایف پی بند اور منچھر جھیل میں پانی کی آمد بائیس ہزار کیوسک سے زائد ہے۔جبکہ  منچھر جھیل سے پانی کو دریائے سندھ میں چھوڑا جارہا ہے۔ ادھرحمل جھیل کا سیلابی پانی بھی منچھر جھیل میں تیزی سے داخل ہورہا ہے، جس سے اس کے حفاظتی پشتوں کو خطرہ ہے۔ سپریواورایف پی بند میں پڑنے والے شگاف پُر نہیں کئے جاسکے جس کے باعث مزید بیس دیہات زیرآب آگئے ہیں۔ دوسری جانب میہٹر شہر تین اطراف سے پانی میں گھرا ہے جبکہ شہر کی نوے فیصد آبادی نقل مکانی کرچکی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن