حکومت کا عوام کیلئے ”عید پیکج“ ، ایل پی جی کی قیمتوں میں 6روپےکلواضافہ

لاہور (سٹاف رپورٹر) حکومت کی طرف سے ”عید پیکج“ کا اعلان کر دیا گیا اور عوام پر مہنگائی کا ایل پی جی بم گرا دیا، اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 6روپے فی کلو، 71روپے گھریلو سلنڈر اور 273روپے کمرشل سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق گذشتہ روز سے ہو گیا ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں چھٹی بار حکومت قیمتوں میں اضافے پر اوگرا کے آگے بے بس ہو گئی۔ اضافے کے بعد نئی قیمت کراچی میں 85 روپے، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ 105روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1130کی جگہ 1189میں فروخت ہو رہا ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، منڈی بہاءالدین، کشمور، صادق آباد، حیدر آباد، میرپور، جھنگ، جہلم، میانوالی 115روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1242کی جگہ 1307جبکہ پشاور، آزاد کشمیر اور گلگت میں 120روپے فی کلو گھریلو سلنڈر 1307کی جگہ 1366میں فروخت ہو رہا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ 98فیصد لوکل ایل پی جی کو بین الاقوامی قیمت پر فروخت کرنا ناانصافی ہے، حکومت نے رمضان المبارک ختم ہونے سے قبل قیمت میں چھٹی بار اضافہ کرکے غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا۔ انہوں نے کہاکہا اگر حکومت نے 20ستمبر تک قیمتوں پر قابو نہ پایا تو ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ اٹل ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان گیس مافیا کی لوٹ مار کا ازخود نوٹس لیں۔

ای پیپر دی نیشن