پیر پگاڑا مسلم لیگوں کے اتحاد کیلئے سرگرم

مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا سید صبغت اللہ راشدی مسلم لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنے کےلئے آخری حد تک جانے کےلئے تیار ہو گئے ہیں اور اگلے پندرہ روز میں وہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کرینگے اور ان سے مسلم لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنے کےلئے حتمی کوششیں کرنے پر آمادہ کرینگے۔ ٹکڑوں میں بٹی ہوئی مسلم لیگوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کےلئے مسلم لیگی اکابرین اور پاکستان کو قائد اور علامہ کا پاکستان بنانے کی خواہش رکھنے والے بزرگ کوشش کرتے رہتے ہیں۔ دو سال قبل لاہور میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام بڑے مسلم لیگی دھڑوں کے قائدین کو مدعو کرکے اتحاد پر مائل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ پیر صاحب سید علی مردان پگاڑا خرابی صحت کے باعث تشریف نہ لا سکے تاہم انہوں نے اپنے خاص قاصد کے ذریعے پیغام بھجوایا تھا کہ وہ مسلم لیگوں کے اتحاد کےلئے جو بھی ممکن ہے ضرور کرینگے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ متحدہ مسلم لیگ میں کسی عہدے کے طلبگار نہیں مسلم لیگ ایک ہونی چاہئے فنکشنل لیگ اس کا حصہ ہو گی۔ افسوس کہ کچھ لوگوں کی انا اور ضد کی وجہ سے مسلم لیگ کے اتحاد کی کوشش کامیاب نہ ہو سکی، اب صبغت اللہ شاہ راشدی نئے عزم کے ساتھ مسلم لیگوںکے اتحاد کےلئے کمربستہ ہوئے ہیں، حالات بھی بدل چکے ہیں، قائدین کے رویے میں بھی تبدیلی محسوس ہوتی ہے اسلئے امید کی جانی چاہئے کہ پیر پگاڑا کی مسلم لیگوں کے اتحاد کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔ وقت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ پاکستان کو اقبال اور قائد کا پاکستان بنا دیا جائے اسلئے ہر مسلم لیگی دھڑے کو مثبت رویہ اختیار کرنا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن