میران شاہ (آئی این پی + نوائے وقت نیوز) شمالی وزیرستان میں میران شاہ کے علاقے غلام خان روڈ پر سکیورٹی فورسز کے قافلہ پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ‘ 2 اہلکار شدید زخمی‘ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میران شاہ میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے ایک ریموٹ کنٹرول بم حملے میں دو سکیورٹی اہل کار زخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں غلام خان روڑ پر سکیورٹی فورسز کا قافلہ جارہا تھا کہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہل کار شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کردیا، اس موقع پر ہیلی کاپٹر کی بھی مدد لی گئی۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک شدت پسند مارا گیا۔ دوسری جانب میران شاہ کے کچھ علاقوں میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور سپاہیوں کو کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں دیکھتے ہی گولی مار دینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
میرانشاہ