”آصف زرداری محب وطن ہیں، مفاہمت کی سیاست سے جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھا“

”آصف زرداری محب وطن ہیں، مفاہمت کی سیاست سے جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھا“

لاہور (خبرنگار) پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے آصف زرداری کے بطور صدر پانچ سال مکمل کرنے کو ان کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے صدر زرداری بہادر، جرا¿ت مند، معاملہ فہم، فرض شناس، محب وطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے مفاہمت کی سیاست کرکے ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھا اور جمہوری اداروں، جمہوری روایات کو مضبوط کیا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو، راجہ ریاض، تسنیم قریشی، سردار لطیف کھوسہ، ثمینہ خالد گھرکی، دیوان غلام محی الدین، آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا راجہ ریاض نے کہا پاکستان کی تاریخ میں پرامن انتقال اقتدار پہلی بار صرف آصف زرداری کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ دھاندلی نہ ہوتی تو نتائج مختلف ہوتے، اب بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ٹف ٹائم دیںگے۔ منظور وٹو نے کہا صدر زرداری کے تدبر، دور اندیشی کی وجہ سے پانچ برس گزارے اور سیاسی و جمہوری عمل میں رکاوٹ نہیں آئی۔ اس کا کریڈٹ صرف آصف زرداری کو جاتا ہے۔ چودھری عبدالمجید نے کہا آصف زرداری نے میثاق جمہوریت، بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سوچ کو فروغ دیا، جمہوریت کو مستحکم کیا۔ پاکستان جتنا مضبوط ہو گا، کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب آ جائے گی۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا صدر زرداری نے ملک کیلئے عظیم کارنامہ انجام دیا۔ ثمینہ خالد گھرکی نے کہا صدر زرداری کی پالیسیوں کی بدولت حکومت کے 5برس مکمل ہوئے۔ صدر زرداری اب لاہور میں قیام کریں گے اور ورکرز سے ملیں گے تو ورکرز کا جوش و جذبہ بڑھتا جائے گا۔ تسنیم قریشی نے کہا میڈیا ٹرائل پیپلزپارٹی کی شکست کی وجہ بنا، ہم نے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونے دی نہ ہونے دیں گے۔ دیوان غلام محی الدین نے کہا آئی ایم ایف کے ظالمانہ قوانین ہم نے نہیں جانے تھے۔ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے ملک میں ہر چیز کی قیمت دوگنا کر دی۔

ای پیپر دی نیشن