کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہفتے کی صبح نیوی ڈاکیارڈ کراچی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک اور چار گرفتار کر لئے گئے۔ دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں پاک بحریہ کے پیٹی افسر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک افسر سمیت 6 سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کے حملے کا بہادری سے جواب دیا۔ ترجمان کے مطابق حملے میں بحریہ کا کوئی نقصان نہیں ہوا، حساس تنصیبات محفوظ رہیں۔ چھاپوں کے دوران دہشت گردوں کے کئی ساتھی گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہفتے کی صبح ہونیوالے اس واقعہ کو نیول حکام نے 2 روز تک چھپائے رکھا۔ میڈیا کو ملکی سلامتی کے پیش نظر خبر بریک کرنے سے روک دیا گیا کیونکہ دہشت گرد حملے میں کئی زندہ دہشت گرد گرفتار ہوئے جن سے تفتیش کے دوران اہم انکشافات متوقع تھے گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کے بعد مختلف شہروں سے گرفتاریاں ہوئی ہیں ۔ دہشت گردوں نے نیوی کے دو اہلکاروں کے ساتھ مل کر میزائلوں سے لیس جنگی جہاز تک پہنچے کی کوشش کی ۔ نیوی کے سکیورٹی سٹاف نے جوابی فائرنگ کی اور دو دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا واقعہ کے بعد نیوی کے اہلکاروں کی سکروٹنی شروع ہو گئی۔