سعید اجمل کے حوالے سے فیصلہ آج متوقع‘ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے متبادل پلان پر غور

 لاہور(نیوز ایجنسیاں) آف سپنر سعید اجمل کے مستقبل کے حوالے فیصلہ 48گھنٹوں میں متوقع ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تشویش ناک صورتحال میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کےلئے متبادل پلان پر کام بھی شروع کردیا ہے۔پی سی بی اور آئی سی سی کے ذرائع نے بتایا کہ سعید اجمل کے مستقبل کا فیصلہ اگلے48گھنٹے میں ہوسکتا ہے۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں کلیئر کرانے کےلئے میڈیکل رپورٹ کو بھی بنیاد بنایا۔پی سی بی کو اشارے مل رہے ہیں کہ مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے سعید اجمل کو ممکنہ پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔اگر پابندی لگتی ہے تو ایک سال انٹر نیشنل کرکٹ سے باہر ہوسکتے ہیں آئندہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارت کی سیریز میں سعید اجمل کی شرکت مشکو ک ہے۔ذرائع کے مطابق سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کی رپورٹ منگل کو منظرعام پر آئےگی۔پی سی بی حکام اور ٹیم انتظامیہ کو برسبین میں ہونے والے ٹیسٹ کے بعد جو شواہد اور اشارے ملے ہیں اس کے مطابق سعید اجمل کے بولنگ ایکشن میں کئی خامیاں سامنے آئی ہیں ۔سعید اجمل کا بولنگ ایکشن دوسری بار رپورٹ ہوا ہے۔ سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کے دوران امپائروں نے ان کی35گیندوں کو مشکوک قرار دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن