حکومت ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں

Sep 09, 2016

اداریہ

پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ دنیا کے پہلے 10 ممالک میں شامل۔ موجودہ صدی کے آخر تک عالمی درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا خدشہ، سیلاب، طوفان، خشک سالی اور گرمی میں اضافہ ہو گا، سینٹ میں رپورٹ۔
وزارت موسمیات کی جاری کردہ اس رپورٹ کے بعد ہمارے ماہرین موسمیات کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں جو ہاتھ پر ہاتھ دھرے ملک میں تبدیل ہوتے موسمی تبدیلیوں پر خاموش بیٹھے ہیں۔ جس بے دردی سے ہمارے ملک میں جنگلات کا صفایا ہو رہا ہے۔ آبی وسائل کا بے دردی سے استعمال ہو رہا ہے۔ پانی کی قلت پر توجہ نہیں دی جا رہی یہ سب کچھ اس کا نتیجہ ہے حکومتی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے عوامل کو کم کرنے یا ان سے نمٹنے کی کوئی پالیسی ہنوز سامنے نہیں آئی اگر انڈسٹری کی حد تک کچھ قانون موجود ہیں تو ان کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر بھی کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا۔ کچھ عرصہ سے پاکستان میں موسم سرما کا دورانیہ کم اور موسم گرما کا شدت کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ برسات یا تو نہیں ہوتی ہے یا پھر بہت زیادہ ہوتی ہے گرمی کی شدت سے ہمارے گلیشئروں کے پگھلنے کا عمل بھی تیز ہو رہا ہے جس سے بارش کے موسم میں سیلابوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بھارت کی طرف سے پانی روکنے کے باعث بھی سندھ اور پنجاب میں زرعی زمین بنجر ہو رہی ہے۔ ان حالات میں حکومت کو ان خطرات سے بچنے کیلئے ایک ٹھوس ماحولیاتی پالیسی تیار کرنا ہو گی تاکہ آنے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رہا جا سکے۔

مزیدخبریں