معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے کےلئے انسداد غربت پالیسی بنانے کی اشد ضرورت ہے: خصوصی کمیٹی سینٹ

اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ خصوصی کمیٹی برائے محروم طبقات مسائل نے وزارت منصوبہ بندی وترقیات سے تفصیلی بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ کمیٹی اجلاسوں میں بہتر رہنمائی کےلئے چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو بھی خصوصی شرکت کےلئے درخواست کی جائیگی، محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیگی جبکہ کنوینر کمیٹی نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے کےلئے سرکاری طور پر انسداد غربت پالیسی بنانے کی اشد ضرورت ہے، آئین کی تمہید اور پہلے 40آرٹیکلز معاشرے سے محروم طبقات اور اقلیتوں کے حقوق یقینی بنانے کی ضمانت ہے لیکن اس پر بھرپور توجہ نہیں دی گئی۔
گذشتہ روز سینٹ خصوصی کمیٹی برائے محروم طبقات مسائل کا اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں کنوینئر سینیٹر نثار محمد مالا کنڈ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں خصوصی کمیٹی نے آئندہ کام کرنے کا طریقہ کار اور کمیٹی کے دائرہ کار کے علاوہ معاشرے کے محروم طبقات کے معاشی، معاشرتی، قانونی، آئینی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت قائم ہونے والے سرکاری اداروں کی کارکردگی اور بہتری کے اقدامات زیر غور آئے۔ کمیٹی اجلاس میں کنوینئر کمیٹی سینٹر نثار محمد مالا کنڈ نے تجویز دی کہ کمیٹی اجلاسوں میں بہتر رہنمائی کےلئے چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو بھی خصوصی شرکت کےلئے درخواست کی جائیگی جس کی ارکان کمیٹی نے تائید اور حمایت کی۔ کمیٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ معاشرے کے محروم طبقات اور اقلیتوں کے مسائل کے حل اور آئینی حقوق کی برابر فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے مستقبل کی مستقل پالیسی کےلئے قانون سازی کی قابل عمل تجاویز دی جائینگی۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 24ستمبر کو طلب کیا گیا ہے جس میں وزارت منصوبہ بندی وترقیات سے تفصیلی بریفنگ لی جائیگی۔

خصوصی کمیٹی سینٹ

ای پیپر دی نیشن