سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر کھانے پینے کی مضر صحت چیزیں بنانے والوں کے لئے میرا بھائی بھی سفارش کرے گا تو اسے بھی جیل بھیج دوں گا۔ فاضل جج کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے کھانے پینے کی ناقص خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم بنچ نے ناقص خوراک پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔ کارروائی کے دورا ن ڈائریکٹر فوڈ پنجاب عائشہ ممتاز ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں۔ سماعت کے دوران جسٹس میاں ثاقب نثار نے قرار دیا کہ ناقص خوراک بنانے اوربیچنے والے کسی رعایت کے حق دار نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ کے بنچ نے ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی پنجاب عائشہ ممتاز کے کام کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ آپ ذمہ داری کے ساتھ ناقص فوڈ مافیا کے خلاف کارروائی جاری رکھیں۔ سپریم کورٹ نے ناقص دودھ اور جوسز بنانے والے دونجی کمپنیوں کےخلاف کارروائی کا بھی حکم دیدیا۔
ناقص خوراک بنانے‘ بیچنے والے رعایت کے حقدار نہیں‘ سخت کارروائی کی جائے: جسٹس ثاقب نثار
Sep 09, 2016 | 18:24