لاہور (وقائع نگار خصوصی) رواں سال یکم جنوری سے 31 جولائی تک 7 ماہ میں پنجاب بھر کی دہشت گردی عدالتوں میں 50 فیصد مقدمات نمٹا دئیے گئے جبکہ دہشت گردی عدالتوں میں زیرالتوا 600 کے قریب مقدمات نمٹانے اور بھر پور عدالتی معاونت کیلئے حکمت عملی طے کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کی دہشت گردی عدالتوں کے انچارج پراسیکیوٹر خرم خان نے دہشت گردی عدالتوں میں زیرالتوا 600 مقدمات کو جلد نمٹانے اور بھرپور عدالتی معاونت کیلئے دہشت گردی عدالتوں کے پراسیکیوٹرز کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے مقدمات نمٹانے کیلئے چالان جلد مکمل کر کے عدالتوں میں پیش کئے جائیں جبکہ مدعی،گواہوں اور ملزمان کی حاضری کو عدالتوں میں یقینی بنایا جائے۔ ذرائع کے مطابق رواں برس یکم جنوری سے 31 جولائی تک پنجاب بھر کی دہشت گردی عدالتوں میں 690 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ پہلے سے زیرالتوا 600 مقدمات کے ساتھ مجموعی طور پر 1290 مقدمات میں سے 700 کے قریب نمٹائے گئے۔
دہشت گردی /مقدمات