میکسیکو سٹی(صباح نیوز)میکسیکو کے ساحلی علاقوں میں آنے والے8.4شدت کے شدید زلزلے کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 32 افراد ہلاک ہوگئے۔ زلزلہ اس قدر شدیدتھا کہ لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔وزیر داخلہ میگوئیل اوسوریو چونگ اور مقامی حکام کے مطابق 2 افراد چیاپاس میں عمارت گرنے کے باعث ہلاک ہوئے، مرنے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔دوسری جانب سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے عوام کو آفٹر شاکس کے لیے بھی تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی۔پیسیفک سونامی مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی وجہ سے سونامی کی لہریں پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔پیسفیک سونامی وارننگ سینٹر کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ میکسیکو کے ساحلوں پر 3 میٹر سے بلند لہریں اٹھ سکتی ہیں جبکہ دیگر ممالک میں لہروں کی بلندی کچھ کم ہوگی۔واضح رہے کہ 1985کے بعد سے میکسیکو میں آنے والا یہ شدید ترین زلزلہ ہے، جب میکسیکو سٹی میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے تھے۔میکسیکو ایک ایسی پٹی پر واقع ہے، جہاں زیر زمین پلیٹس میں آنے والی تبدیلیوں کی وجہ سے یہاں زلزلے آتے رہتے ہیں۔