لاہور (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی ( ورکرز) نے نا معلوم افراد کی جانب سے انتخابی مہم کیلئے لگائی گئی فلیکسز اتارنے پر مقامی پولیس سٹیشن میں درخواست جمع کر ادی جبکہ ناہید خان ، ڈاکٹر صفدر عباسی نے این اے 120سے امیدوار ساجدہ میر اور دیگر کے ہمراہ گزشتہ روز بھی ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم جاری رکھی ۔ پیپلز پارٹی ( ورکرز) کے مرکزی صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والی دیگر جماعتوں کے فلیکسز اور بینرز آویزاں ہیں جبکہ نا معلوم افراد کی طرف سے صرف ہماری امیدوار کے فلیکسز اتار لئے گئے ہیں جس کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرا دی ہے ۔ ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں اس لئے پر امن طور پر مطالبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کے غیر سیاسی ہتھکنڈے بند ہونے چاہئیں۔ علاوہ ازیں محترمہ بینظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان اورپیپلز پارٹی (ورکرز)کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے این اے 120سے امیدوار ساجدہ میر کے ہمراہ اسلامپورہ کے رہائشی علاقے میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائی اور ووٹروں کو اپنے منشور سے آگاہ کیا ۔ ناہید خان نے کہا کہ ”تجربہ کار “حکمرانوں نے ہماری آنے والی نسلوں کو مقروض کر دیا ہے ۔ حکمرانوں کا کوئی وژن نہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان مشکلات میں گھرا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں عوام آزمائے ہوئے لوگوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دیں گے ۔
ناہید خان