خیبر ایجنسی( آن لائن ) خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں نماز جمعہ کے بعد آستانہ بنوریہ آشخیل میں موسیقی کے آلات نذر آتش کر دیے گئے ہیں۔یہ آلات موسیقی عید کے روز ایک محفل موسیقی پر چھاپا مار کر برآمد کیے گئے تھے۔ دارالعلوم صدیقیہ خانقاہ بنوریہ کے سجادہ نشین سید محمد ابراہیم المعروف باچا جان نے غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو میں بتایا کہ ان کے علاقے میں شراب نوشی، جوا اور موسیقی کی محفلوں پر پابندی عائد ہے لیکن عید کے روز کچھ لوگوں نے وہاں موسیقی کی محفل سجائی تھی۔انھوں نے مقامی رہنما، مریدین اور خاصہ داروں کے ساتھ مل کر چھاپے مارے اور موسیقی کے آلات اور ان لوگوں کو دارالعلوم لایا گیا تھا۔سید محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ محفل موسیقی منعقد کرنے والے افراد نے جمعہ کی نماز کے بعد مدرسے میں معافی مانگی اور یہ ضمانت دی کہ آئندہ وہ اس طرح کی محفلیں منعقد نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں انہیں پولیٹیکل انتظامیہ کی معاونت حاصل تھی۔ سید محمد ابراہیم نے بتایا کہ ان کے علاقے میں اس طرح کی سرگرمیوں پر پابندی ہے اور یہ محفل کوئی دس سال بعد منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی محفلیں سجانے والے جو لوگ مزاحمت کرتے ہیں، انکے خلاف وہ اور علاقے کے قبائلی رہنما مشترکہ کارروائی کرتے ہیں اور ایسی محفلیں سجانے والے افراد کے کمرے نذرآتش کردئیے جاتے ہیں۔ خیبر ایجنسی میں شدت پسندی کے واقعات کی وجہ سے لوگ بھی اس طرح کی محفلیں منعقد نہیں کر رہے تھے۔