لاہور (خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سازش کرنے والے عدلیہ اور الیکشن کمشن کے پیچھے چھپتے ہیں۔ سازشیوں کا سب کو پتہ ہے، باقی وقت بتائے گا۔ وہ گزشتہ روز ماڈل ٹائون H-180 میں اجلاس کے دوران گفتگو کررہی تھیں۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، سینیٹر آصف کرمانی، ناصر ڈار، کرن ڈار سمیت این اے 120 میں کشمیری برادری کے معروف افراد موجود تھے۔ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ عوام نے نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 120 سے مسلم لیگ ن الیکشن جیتے گی۔ مسلم لیگ ن کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا پہلا کیس ہے جس میں سزا پہلے ہوگئی ریفرنس بعد میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈرنے والے یا گھبرانے والے نہیں۔ راجہ فاروق حیدر و دیگر نے این اے 120 میں مقیم کشمیریوں کی بیگم کلثوم نواز کے حق میں انتخابی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آن لائن کے مطابق سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عدلیہ کے اچھے برے وقت بھی مستقبل میں یاد رکھے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو میں کیا۔ مریم نوازنے کہا کہ ہمارا مستقبل روشن ہے روک سکتے ہو تو روک لو کیونکہ 2018 ء کے الیکشن میں ہم پھر آرہے ہیں۔ نواز شریف کے خلاف پانامہ لیکس ڈیڑھ سال چلا اور اختتام اقامہ پر کیا گیا جبکہ برے بیٹے سے پیسے لینے پر مقدمہ درج کیا گیا اور چھوٹے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے تماشا دیکھا۔ آئی این پی کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی مرکزی رہنما مریم نوازنے اپوزیشن جماعتوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مستقبل روشن ہے روک سکتے ہو تو روک لو۔ سیاسی اور انتخابی میدان میں یہ مہرے مسلم لیگ ن کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ وقت اور قدرت کا انسانوں کو سکھانے کا اپنا طریقہ ہے۔ لیگی رہنما نے مزید کہاکہ میاں صاحب ڈرنے والے نہیں ہیں، نہ ہی گھبراتے ہیں۔ میاں صاحب جلد واپس آئیں گے۔ سب جانتے ہیں کہ والدہ کی بیماری کے باعث وہ لندن میں مقیم ہیں۔ دریں اثناء مریم نواز نے این اے 120میں انتخابی ریلی نکالی، ریلی حلقے کے مختلف علاقوں میں گئی کارکنوں نے آؤٹ فال روڈ پر مریم نواز کا شاندار استقبال کیا اور پھول نچھاور کئے، مریم نواز نے ریلی میں شریک کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما کی ریلی کارپویشن چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی اور اسی دوران انکی گاڑی گرم ہونے کے بعد خراب ہوگئی جس کے بعد مر یم نواز شریف دوسری گاڑی پر جاتی عمرہ روانہ ہوگئیں۔
مسلم لیگ ن کا مستقبل روشن، سازش کرنے والے عدلیہ، الیکشن کمشن کے پیچھے چھپتے ہیں: مریم نواز
Sep 09, 2017