خیبر ایجنسی+ ہنگو (صباح نیوز) خیبرایجنسی میں بارودی مواد کا دھماکہ ہوا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تحصیل جمرود سپیرہ روڈ پر بارودی مواد کا دھماکہ ہوا۔ دھماکہ سڑک کے کنارے ہوا تاہم واقعے کی جگہ پر ایک اور بم کی موجودگی کی اطلاع ملی جسے سکیورٹی اہلکاروں نے ناکارہ بنا دیا۔ اورکزئی ایجنسی میں فورسز کی گاڑی پر بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس سے 6 سکیورٹی اہلکا ر زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خادیزئی سے سکیورٹی فورسزکی گاڑی غلجو جا رہی تھی کہ راستے میںسڑک کے کنارے نصب شدہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے زور دار دھماکہ ہوا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں میں حوالدار شفیق، سپاہی نور اللہ، سپاہی گل سعید جبکہ تین کے نام معلوم نہیں ہو سکے شامل ہے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر کوہاٹ سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا جبکہ دھماکے کے بعد علاقے کو فورسز نے گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا۔