اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف انکے بچوں اور اسحاق ڈار کی جانب سے 28 جولائی کے پانامہ پیپر لیکس کیس کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے دائر مختلف درخواستوں کو 12 ستمبر کو سماعت کیلئے مقررکردیا ہے۔ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے پانامہ فیصلے پر نظرثانی کیلئے تین متفرق درخواستیں دائرکی ہیں تینوں اپیلوں میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے‘ پانامہ عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد روکا جائے، نظرثانی اپیلوں کا فیصلہ ہونے تک نیب کیسز روکے جائیں ، نیب ریفرنس کی نگرانی کیلئے تعینات کئے جانیوالے مانیٹرنگ جج جسٹس اعجاز الاحسن کو ہٹایا جائے۔ سابقہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے 15 اگست کو جبکہ انکے بچوں مریم نواز ، حسین نواز اور حسن نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے 25 اگست کو پانامہ فیصلے کوعدالت عظمیٰ میں چیلنج کرتے ہوئے نظرثانی کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ نظرثانی درخواستیں سماعت کیلئے 12 ستمبر بروز منگل کو مقررکی گئی ہیں۔ واضح رہے سپریم کورٹ کی جانب سے بنچ نمبر تین اور پانچ ڈی لسٹ کرکے چیف جسٹس نے تین رکنی پانامہ نظرثانی بنچ تشکیل دیا ہے۔
پانامہ کیس: نوازشریف، بچوں اور اسحاق ڈار کی نظرثانی درخواستوں پر سماعت12 ستمبر کو ہو گی
Sep 09, 2017