لاہور (خصوصی نامہ نگار + نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 17ستمبر کو این اے 120کا انتخابی معرکہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا کہ پاکستانی قوم انصاف کرنے والی عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ عدلیہ کے فیصلے کے باعث 70سال میں پہلی بار کسی طاقتور کو جوابدہ ہونا پڑا۔ 17ستمبر کا الیکشن عام نہیں۔ آج پاکستان کے کمزور طبقہ کو پیغام دینے آیا ہوں کہ آج فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کا موقع ہے۔ آپ نے طاقتور کو نااہل قرار دینے والی سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرنا ہے۔ مریم نواز جو کچھ کرلیں‘ لاہور کے عوام ووٹ یاسمین راشد کو ہی دیں گے۔ میں ووٹروں کو کہتا ہوں کہ جب ان کے پاس مسلم لیگ (ن) والے ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے پوچھیں کہ حکمرانوں کے بچے ارب پتی کیسے بنے۔ موٹر سائیکل پر گھومنے والا اسحاق ڈار 25 سال میں ارب پتی کیسے بنا۔کمزور پر ظلم ہوتا ہے۔ طاقتور ہمیشہ جیت جاتا ہے۔ اس حلقے میں بڑے بڑے غنڈے ہیں جو ظلم کرتے ہیں۔ آپ کا ووٹ سپریم کورٹ کو مضبوط اور ججز کو حوصلہ اور طاقت دے گا۔ عدالت نے نوازشریف کو ثبوت کیلئے ایک سال دیا۔ عدالتوں میں جھوٹ بولا گیا اور جعلی کاغذات جمع کرائے گئے۔ نیب کے چیئرمین کو بھی اپنی چوری چھپانے کیلئے لایا گیا۔ قطری شہزادہ خود ایک بہت بڑا فراڈ تھا۔ اگر نوازشریف کو ووٹ دینا ہے تو چھوٹے چوروں کو بھی جیل سے نکال دو۔ پاکستان کی جیلوں میں قید تمام چوروں کی چوری ملا لو تو بھی ان کے لندن کے محل سے کم ہی ہوگی۔ وہ گزشتہ شب قرطبہ چوک مزنگ چونگ میں این اے 120 کے انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے جس سے ڈاکٹر یاسمین راشد، پاکستان عوامی تحریک دستبردار امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آپ کا ووٹ فیصلہ کرے گا کہ پاکستان کس طرف جائے گا۔ این اے 120کے الیکشن کے بعد نیا پاکستان بننے جا رہا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ این اے 120میں الیکشن جیتنے کے بعد آتشبازی کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان لوگوں کو اسمبلیوں میں نہیں جیلوں میں ڈالا جائے، جیلوں میں چھوٹے چور قید ہیں جبکہ بڑے چوروں کو پولیس سیلوٹ کرتی ہے۔ طاقتور ڈاکو جی ٹی روڈ پر کہتا پھر رہا تھا کہ مجھے کیوں نکالا۔ نوازشریف کے حق میں ووٹ دینے سے پہلے عوام ضرور سوچیں کہ چھ چھ بار حکمران رہنے والوں نے قوم کو کیا دیا۔ ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ عمران نے کہا کہ 17ستمبر کو لاہور کے حلقہ این اے 120کا الیکشن جیتیں گے۔ یاسمین راشد آپ کا مقابلہ ریاست کے ساتھ ہے۔ آپ کو جیت کی پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ این اے 120 میں ڈسٹرکٹ ناظم اور پولیس مریم بی بی کی مدد کر رہی ہے۔ خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت کے تحت مثبت تبدیلیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہم نے غربت کو پانچ فیصد سے کم کیا، ہم نے ایک ارب درخت لگائے، ہم نے عوامی ہسپتالوں کو بہتر بنایا۔ تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹریاسمین راشد نے جلسے میں دعویٰ کیا ہے کہ (ن) لیگ نے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کیلئے سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے این اے120میں 6ہزار افراد کو نوکر یاں دینے کا فیصلہ کیا۔ وزراء اور ارکان اسمبلی نے بے روزگاروں کو نوکریاں دینے کا آغاز بھی کر دیا۔ انہوں نے کہا عمران خان کی ہمت و جرأت کو سلام پیش کرتی ہوں۔ مریم نواز حلقے میں گھوم رہی ہیں اور کہتی ہیں کہ امی بیمار ہیں‘ ووٹ دیں۔ مریم نواز عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں۔ سرکاری ہسپتالوں کی حالت ٹھیک کی۔ انہوں نے ایک ہسپتال ایسا نہ بنایا جہاں کلثوم نواز کا علاج ہو سکتا ہے۔ شہبازشریف بھی پنجاب پولیس میں تبدیلی لائے۔ ان کی وردی بدل دی۔ 30 سال میں 6 باریوں میں ایک ہسپتال نہیں جہاں شریفوں کا علاج ہو جاتا۔ نوازشریف‘ شہبازشریف علاج کرانے باہر جاتے ہیں۔ الیکشن کمشن کو کہنا چاہتے ہیں کہ این اے 120 میں 30 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوئی۔ پولیس سے غلط کام کرائے جاتے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں وفد نے مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد اقبال رضوی سے صوبائی سیکرٹریٹ شادمان میں ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین نے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی بھرپور حمایت اور انتخابی مہم میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔ علاوہ ازیں مسلمانوں کی حالت زار پر اقوام متحدہ کے کردار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط ارسال کر دیا۔ عمران نے خط میں لکھا ہے کہ برما میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے اور اقوام عالم خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ قتل عام پر اقوام متحدہ کی غیر فعالیت شرمناک ہے۔ اقوام متحدہ کو انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ذلت آمیز ناکامی کا سامنا ہے۔