اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) کور کمانڈرز کی معمول کی کانفرنس جمعہ کے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کانفرنس نے ملک کی داخلی و بیرونی سلامتی کی صورتحال اور آپریشن ردا الفساد میں پیشرفت پر غور کیا۔ اس بیان میں اجلاس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں تاہم ذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جنوبی ایشیا و افغانستان کیلئے نئی پالیسی اعلان اور اس تناظر میں افغانستان کے اندر پاک افغان سرحد پر سلامتی کے حالات، بارڈر مینجمنٹ اور اس سے جڑے دیگر امور پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ شرکاء نے مذکورہ پالیسی کے پس منظر میں ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدوں کی صورتحال اور حربی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے، پاکستان پہلے کی طرح، عالمی اور علاقائی سطح پر بھرپور تعاون کرے گا لیکن ساتھ ہی واضح بھی کیا گیا کہ افغانستان کی لڑائی کو پاکستان کے اندر توسیع دینے کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
افغان جنگ پاکستان میں لانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا جائے گا: کور کمانڈرز کانفرنس
Sep 09, 2017