اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ آئی این پی) نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی آج سہ پہر ایوان صدر میں اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ نئے صدر کی حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان‘ ارکان پارلیمنٹ‘ گورنرز‘ وزرائے اعلیٰ اور مسلح افواج کے سربراہ ‘ غیرملکی سفیر شرکت کریں گے۔ صدر ممنون حسین پانچ برس تک صدارت کے منصب پر فائز رہنے کے بعد گزشتہ روز سبکدوش ہوگئے۔ ایوان صدر میں مسلح افواج کے دستوں نے الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ممنون حسین کو مسلم لیگ (ن) نے صدارت کیلئے نامزد کیا تھا۔دریں اثنا مسلم لیگ (ن) نے نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی کی تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کی شرکت کے امکانات بھی کم ہیں ۔ م لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نئے صدر کی تقریب حلف برداری کا احتجاجاً بائیکاٹ کرے گی ۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق تقریب میں شریک نہیں ہوں گے ، اسی طرح پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،خورشید شاہ اور شیری رحمان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاہم پیپلزپارٹی کے وفد کی بھی نئے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے امکانات کم ہیں ۔
ممنون/ عارف علوی
ممنون حسین سبکدوش‘ نومنتخب صدر عارف علوی آج حلف اٹھائیں گے
Sep 09, 2018