اسلام آباد(جنرل رپورٹر) ادارہ شماریات نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں، ٹماٹر کی اوسطا قیمت ساٹھ روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے دالیں، مرغی، گھی، آٹا، لہسن اور دودھ کے علاوہ سرخ مرچ، گوشت، گڑ اور چائے بھی مہنگی ہوگئی ہیں ۔حکومتیں بدل گئی مگر مہنگائی بڑھنے کی رفتار میں کمی نہ آسکی، تحریک انصاف کی حکومت بھی اپنے ابتدائی دنوں میں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے تاحال کوئی اقدامات نہ کرسکی۔ ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران سستے بازاروں میں اٹھارہ اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور آٹھ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،اس دوران سب سے زیادہ ٹماٹر کی قیمت میں اوسطا تیرہ روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد سستے بازاروں میں ٹماٹر کی قیمت دوبارہ ساٹھ روپے سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ مرغی کی قیمت میں بھی چھ روپے فی کلو اضافہ جبکہ دال چنے، دال مسور، دال ماش، گھی، آٹا، لہسن، پیاز، سرخ مرچ، دودھ، چائے اور گوشت کی قیمتوں کو بھی پرلگ گئے ہیں،جن اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے ان میں پیٹرولیم مصنوعات، آلو، کیلا اور چینی شامل ہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں اٹھارہ فیصد اضافہ ہوا ہے آٹھ ہزار روپے آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اعشاریہ تیس فیصد، بارہ ہزار روپے آمدنی والے طبقے کیلئے اعشاریہ 27 فیصد، 18 ہزار روپے آمدنی والے طبقے کیلئے اعشاریہ 25 فیصد، 35 ہزار روپے آمدنی والے طبقے کیلئے اعشاریہ 20 فیصد اور اس سے زائد آمدنی والے طبقے کیلئے اعشاریہ صفر آٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔