پاکستان کا مضبوط دفاع ہمارے شہدا کی قربانیوں کے مرہون منت ہے،المحمدیہ سٹوڈنٹس

اسلام آباد(نا مہ نگار) المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسئول عبدالحنان خالد نے کہا ہے کہ پاکستان کا مضبوط دفاع ہمارے شہدا کی قربانیوں کے مرہون منت ہے۔1965میں افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک اور جارحانہ عزائم کو شکست دے کر ناکوں چنے چبوانے پر مجبور کر دیا تھا۔شہدا کی قربانیاں ہی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔آج قوم میں 65؁ء والے جذبوں کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔نوجوانوں کو تحریک پاکستان کے رہنمائوں اور 65؁ء کی جنگ کے ہیروز کے کردار پڑھنے اور اپنی زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالنے چاہیے۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے جاری کردہ بیان میں مسئول المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان عبدالحنان خالد کا مزید کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت بھی ہندوستان نے پاکستان کو کمزور کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ پاکستان کے حصہ میں آنے والے وسائل کی مکمل ادانہ کئے۔ دو قومی نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آنے والی ریاست پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے اپنی سازشیں جاری رکھیں۔ مگر دشمن کو اپنی ہر ناپاک سازش کی ناکامی پر خفت اٹھانا پڑی جس کے نتیجے میں ہندوستان نے بھوکھلا کر1965؁ء میں پاکستان پر حملہ کر دیا۔ افواج پاکستان نے غیور قوم کے ساتھ مل کر دشمن کو شکست دے کر اس کے دانت کھٹے کر دئیے جس سے دشمن کو ہزہمت اٹھانا پڑی۔ انھوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کی خاطر مسلمانان برصغیر کلمہ طیبہ لاالہ الا محمد رسول اللہ کی چھتری تلے جمع ہو گئے تھے۔ آج دفاع پاکستان کیلئے بھی ہمیں لسانیت، صوبائیت پرستی اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ نظریہ پاکستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ 65؁ء کی جنگ میں بھی نوجوان طلبا افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑے تھے۔ آج بھی انہی جذبوں کیساتھ نوجوان طلبا کو اپنی تکنیکی صلاحیتیوں کے ذریعے دفاع پاکستان میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس مقصد کو لیے المحمدیہ سٹوڈنٹس ملک بھرکے نوجوانوں میں دفاع پاکستان کی خاطر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے میدان عمل میں کوشاں ہے۔

ای پیپر دی نیشن