لندن (آئی این پی) برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کے دورہ پاکستان کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، شاہی جوڑے نے رواں سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اتوار کو برطانوی میڈیا کے مطابق انسداد دہشت گردی سیل کے تربیت یافتہ ماہر افسر جلد پاکستان روانہ ہوں گے جو شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے دوران سکیورٹی انتظامات اور مقامات کا جائزہ لیں گے، ماہرین اپنے دورے کے دوران برٹش ہائی کمیشن میں قیام کریں گے جبکہ پاکستان میں سکیورٹی افسران اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ اور ردوبدل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماہرین برطانیہ واپس پہنچ کر اپنی رپورٹ حکام کو پیش کریں گے جس کے بعد شاہی جوڑے کی پاکستان روانگی کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
برطانوی شاہی جوڑے ولیم اور کیٹ میڈلٹن کے دورہ پاکستان کی تیاریاں شروع
Sep 09, 2019