ڈومیسٹک کرکٹرز کے معاوضوں کا اعلان، اے کیٹیگری میں سالانہ کمائی 32 لاکھ روپے ہو گئی

لاہور( سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) تیس ستمبر سے شروع ہونیوالے ڈومیسٹک سیزن میں کرکٹرز رواں سال زیادہ سے زیادہ 32 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کما سکیں گے جوکہ سیزن 20-2019 کی نسبت 83  فیصد زیادہ ہے۔ سب سے کم درجہ کٹیگری میں شامل کھلاڑی  سیزن 21-2020 میں مجموعی طور پر 18 لاکھ روپے کی رقم کمائے گا جوکہ گذشتہ سال سب سے زیادہ کمائی کرنیوالے کھلاڑی کی آمدن سے 7 فیصد زیادہ ہے۔سیزن پاکستان کے سب سے بہترین کھلاڑیوں کوقومی ٹی 20 کپ ، قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے تمام یعنی دس دس میچوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کررہا ہے۔ اے پلس کیٹیگری میں شامل 10کھلاڑی ایک سال تک ڈیڑھ لاکھ روپے رقم ماہوار معاوضہ وصول کریں گے۔اس کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کومحدود طرز کی کرکٹ یعنی قومی ٹی 20 کپ اور پاکستان کپ میں میچ فیس کی مد میں 40 ہزار روپے جبکہ قائد اعظم ٹرافی میں فی کھلاڑی 60 ہزار روپے کی میچ فیس وصول کریگا۔ کھلاڑی سیزن میں مجموعی طور پر 32 لاکھ روپے کی رقم حاصل کریگا۔ اگر اس کٹیگری میں شامل کوئی کھلاڑی ان تینوں میں سے کسی بھی ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ اضافی میچ فیس اور انعامی رقم کے ذریعے اپنی آمدن میں مزید اضافہ حاصل کرسکے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ کی ڈی کٹیگری میں شامل کسی بھی کھلاڑی کی ماہانہ آمدن 40 ہزار روپے مقرر ہے تاہم میچ فیس کی مد میں انہیں بھی اے کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کے برابر رقم دی جائیگی۔ لہٰذا، ڈی کیٹیگری میں شامل اگر کوئی کھلاڑی فرسٹ الیون کے تمام 32 میچز کھیلتا ہے تو وہ اس سیزن میں 18 لاکھ روپے وصول کریگا۔اگر اس کٹیگری میں شامل کھلاڑی کسی بھی ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلیتا ہے تو اضافی میچ فیس اور انعامی رقم کی مد میں اس کی آمدن میں بھی مزید اضافہ ہوجائیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹرز کے ماہوار وظیفے کا نیا سٹرکچر جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کٹیگری اے پلس: 10 کھلاڑی،ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ کما سکے گا۔ کٹیگری اے: 38 کھلاڑی، 85 ہزار روپے ماہانہ، کٹیگری بی: 48 کھلاڑی، 75 ہزار روپے ماہانہ،  کٹیگری سی: 72 کھلاڑی، 65 ہزار روپے ماہانہ، کٹیگری ڈی: 24 کھلاڑی، 40 ہزار روپے ماہانہ کمائیں گے۔ ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو ماہوار وظیفے کیساتھ  میچ فیس بھی دی جائیگی۔ چار روزہ (فرسٹ الیون، فرسٹ کلاس):  پلیئنگ الیون، 60 ہزارروپے؛ ریزرو، 24 ہزار روپے۔ تین روزہ  (سیکنڈ الیون): پلیئنگ الیون، 25ہزارروپے؛ ریزرو، 10ہزارروپے۔ پچاس اوورز  (فرسٹ الیون): پلیئنگ الیون، 40ہزار روپے؛ ریزرو، 16ہزار روپے۔ پچاس اوورز  (سیکنڈ الیون): پلیئنگ الیون، 15 ہزار روپے؛ ریزرو، 6 ہزار روپے،ٹی ٹونٹی  (فرسٹ الیون): پلیئنگ الیون، 40ہزارروپے؛ ریزرو، 16 ہزارروپے۔ ٹی ٹونٹی  (سیکنڈ الیون): پلیئنگ الیون، 15 ہزارروپے؛ ریزرو، 6 ہزارروپے۔ تین روزہ  (انڈر 19): پلیئنگ الیون، 10 ہزارروپے؛ ریزرو، 4 ہزار روپے۔ پچاس اوورز ( انڈر19): پلیئنگ الیون، 5ہزارروپے؛ ریزرو، 2 ہزار روپے ملیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...