تربیلا(نامہ نگار )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غازی محمد خان نے تربیلا ڈیم کی صوبڑہ سٹی کے ایک ہی گھر کے 4 افراد کی پراسرار ہلاکت سے متعلق پولیس ریکارڈ طلب کر لیاہے۔ یاد رہے کہ صوبڑہ سٹی کے اندوہناک واقعے میں جاں بحق ہونے والی پندرہ سالہ حوریہ کے والد محمد الیاس نے ملک شاہد جمیل ایڈووکیٹ کی وساطت سے گزشت روز جوڈیشل مجسٹریٹ غازی امجد اللہ کو قبر کشائی اور میڈیکل بورڈ سے پوسٹمارٹم کرانے کی درخواست دی۔ جنہوں نے متاثرہ شخص کو یہ کہہ کر اسکی درخواست خارج کردی کہ چونکہ متوفیوں کو ایبٹ آباد میں دفن کیا گیا ہے لہذا وہاں جاکر درخواست دی جائے۔ جس پر ملک شاہد جمیل ایڈووکیٹ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم کے خلاف ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غازی محمد خان کی عدالت میں اپیل دائر کردی۔ جنہوں نے 9 ستمبر کے روز تھانہ غازی کے ایس ایچ او کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے۔