لاہور (نامہ نگار) ٹکسالی چوک میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر2کمسن بچوں اور2خواتین سمیت 6 افرادہلاک جبکہ 4 خواتین شدید زخمی ہو گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ٹکسالی چوک میں پاکستان ٹاکیز سینما کے قریب ایک منزلہ پرانے مکان کی بوسیدہ چھت زوردار دھماکے سے زمین بوس ہوگئی۔جس سے مبلے تلے دب کر2 سالہ بچہ بابو علی اشتیاق،7سالہ حسن،55سالہ جاوید،اس کی 58سالہ بیوی اپھو جاوید،16 سالہ آمنہ اور 56 سالہ ضیغم جاں بحق ہو گئے جبکہ 12 سالہ کنزہ سلامت،23 سالہ عتیقہ سلامت اور متوفی میاں بیوی جاوید اور اپھو کی دو بیٹیاں 15 سالہ حنا جاوید اور 17سالہ مہوش جاوید شدید زخمی ہو گئی ہیں۔اطلاع ملنے پر پولیس،ریسکیو 1122،ایدھی عملے سمیت دیگرامدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد اکھٹی ہو گئی اور امدادی کارروائیاں میں حصہ لیتی رہی۔ریسکیو 1122 نے چاروں زخمی خواتین کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق افراد کی نعشیں مردہ خانے جمع کرا دی ہیں۔ملبے تلے سے نعشیں نکلنے پر متوفیاں کے رشتے دار دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔جس سے وہاں ہر آنکھ اشکبار ہو گئی جبکہ چھ افراد کی ہلاکت پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ ٹیکسالی گیٹ کے قریب چھت گرنے کے واقعہ پر ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے تمام تر معاملات دیکھے۔ اے سی سٹی نے کہا کہ مالی امداد کا کیس تیار کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ضلعی انتظامیہ جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کے ساتھ اور مکمل معاونت کرنے کے لئے تیار ہے۔