اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ نے اپنے غازیوں اور شہدا ء کے کارناموں اور کامیابیوں کو سراہنے کے لیے55واں یوم بحریہ منایا۔ یہ بہادر سپوت بہادری سے لڑے اور اللہ سبحانہ وتعالی پر اپنے مکمل اعتماد اورخود پرعمیق یقین کی بدولت ایک بڑے مخالف کو نیچا دکھانے میں کامیاب ہوئے۔ یوم بحریہ ہمیں پاک بحریہ کے باہمت آ پریشن 'سومنات'کی یاد دلاتا ہے جس میں پاکستان نیوی کے بحری بیڑے نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر بمباری کی اور ہندوستانی غرور کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ پاک بحریہ کی واحد سب میرین غازی تمام جنگ کے دوران سمندر میں اپنی برتر ی برقراررکھتے ہوئے دشمن کے لیے ناقابل شکست رہی۔ یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ08 ستمبر ہماری بحری تاریخ میں ایک سنہری باب ہے جو ہماری نئی نسل میں امید اور افتخار کو جلا بخشتا ہے۔ 1965 کی جنگ میں جس ہمت، حوصلے اور بہادری سے ہمارے بحری ہیروز نے دشمن کا مقابلہ کیا، پاک بحریہ اس عظیم قربانی اور جذبے کی معترف ہے۔ آج پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ 1965کی جنگ کے شہداء کے لیے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پاک بحریہ کے یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا۔ یوم بحریہ کے موقعے پردیگر تقریبات میں کراچی میں بوٹ ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔ یوم بحریہ پر پاک نیوی کی ڈاکیو منٹری 'سرخرو' ریلیز کر دی گئی۔ چار مارچ 2019 کو بھارتی آبدوز نے پاکستانی پانیوں میں دراندازی کی کوشش کی، جس پر وطن کے محافظوں نے بھاگنے پر مجبور کیا، کامیاب آپریشن پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
یوم بحریہ سنہرا باب، آپریشن سومنات میں بھارتی بندرگاہ کو سخت نقصان پہنچایا: نیول چیف
Sep 09, 2020