لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں شہباز شریف، فواد حسن فواد، احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزموں کیخلاف کیس کی سماعت10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پرگواہوں کو بیان قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے سماعت کی۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور شاہد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ کے بعد جیل سے لاکر عدالت پیش کیا گیا۔ عدالت نے شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو مستقل حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گواہ کا رشتے دار فوت ہونے کی بناء پر عدالت میں پیش نہیں ہوا جس پر عدالت نے احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کی پیشی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس کیس کی مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے نیب کے گواہ پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے آئندہ سماعت پر گواہوں کی پیشی یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔ وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ طبیعت ناساز ہونے کی بنا پر بیان ریکارڈ نہ کروا سکے۔ جبکہ عدالتی حکم پر ایم ایس سروسز ہسپتال نے قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی۔