لاہور (عدنان فاروق) جماعت اسلامی نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے بڑوں کی رائے ہے کہ جماعت اسلامی ماضی کی طرح اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے کی بجا ئے انفرادی حیثیت میں عوامی رابطہ مہم چلائے گی، موجودہ اور سابق حکمران ایک ہی استعماری اور استحصالی نظام کی پیدا وار ہیں ، اے پی سی کی کامیابی سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں مل سکتا۔ جو الزامات سابق حکومتوں پر ہیں وہی آج کے حکمرانوں پر بھی ہیں۔ گزشتہ ماہ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ان کی دعوت پر اسلام آباد میں ملاقات کی تھی جس میں جماعت اسلامی کو باضابطہ اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک چلانے اور اس سلسلہ میں آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہونے کی دعوت دی گئی تھی لیاقت بلوچ نے اس سلسلہ میں جماعت اسلامی متعلقہ پلیٹ فارم سے مشاورت کی بات کی تھی، جماعت اسلامی کی ابتدائی مشاورت میں اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ جماعت اپوزیشن کی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی اور تاہم لیاقت بلوچ کی سربراہی میں قائم جماعت اسلامی سیاسی امور کمیٹی کو اس حوالے سے ٹاسک سونپا گیا ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں مشاورت مکمل کرکے اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے۔ دوسری جانب عوامی رابطہ مہم کے لئیے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کر دی گئی جو رابطہ عوام مہم تحریک کے حوالے سے نکات اور اہداف کو حتمی شکل دے گی۔
جماعت اسلامی کا اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنیکا اصولی فیصلہ، عوامی رابطہ مہم چلائیگی
Sep 09, 2020