بپھرے دریائے سندھ کے کنارے مزید بستیاں زیر آب، فاضل پور، چاچڑاں ، تونسہ بیراج کے علاقوں سے نقل مکانی

ملتان (خبرنگار خصوصی‘ نمائندوں سے) دریائے سندھ کا سیلابی پانی کئی بستیوں میں داخل ہو گیا۔ متاثرین بے یارومددگار حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ ملتان سے خبرنگار خصوصی کے مطابق دریائے چناب میں بدستور نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے محکمہ انہار کی رپورٹ کے مطابق تریموں بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ 17 ہزار 736 کیوسک اخراج ایک لاکھ 10 ہزار 536 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد52426 کیوسک اخراج 34326 کیوسک، خانکی ہیڈورکس پر پانی کی آمد 59910 کیوسک اخراج 53260 کیوسک قادر آباد پر آمد 53124 کیوسک اخراج 31124 کیوسک جبکہ دریائے جہلم کے رسول ہیڈورکس پر پانی کی آمد 57080 کیوسک اخراج 56370 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ فاضل پور سے نامہ نگار کے مطابق دریائے سندھ میں پانی سطح بلند ہونے سے سیلابی پانی فاضل پور کے نواحی موضع بیٹ گل محمد میں داخل ہونے سے سینکڑوں خاندا ن پر مشتمل بستی اللہ بخش لشاری زیر آب آگئی ہے۔ مکین اپنی جانوں ، بال بچوں اور مویشیوں کو بچانے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر رہے ہیں۔ سیلابی پانی سے سینکڑوں ایکڑ رقبے پر کاشتہ فصلات بھی زیر آب آگئی ہیں۔ چاچڑاں شریف سے نامہ نگار کے مطابق چاچڑاں شریف کے مقام پر دریائے سندھ میں 6 لاکھ کیوسک پانی گزر ریا ہے جو مسلسل بڑھ رہا ہے ،بستی پہوڑاں ،بستی گوپانگ ،بستی ادا غلام قادر، بستی بلہاڑا، بستی اچھا، بستی مہراں و دیگر بستیاں سیلاب کی زد میں آ گئی ہیں۔ پانی گھروں میں داخل ،دیواریں اور چھتیں گرنا شروع ہو گئی ہیں ،لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر رہے ہیں جو کہ منچن بند پر بے یارومدد گار کھلے آسمان تلے اپنے بچوں اور مال مویشی کو لے کر پڑے ہوئے ہیں۔ مویشی میں امراض پھوٹنے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ رحیم یارخان سے بیورو رپورٹ  کے مطابق ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں درمیانے درجہ کے سیلاب کے باعث متاثر ہونے والی دریائی بیلٹ میں موجود آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کوٹ ادو سے خبرنگار کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ بیراج سے 4لاکھ 55 ہزار کا بڑا سیلابی ریلا جو کہ ایل این بی بند سے ٹکراتا ہوا گزر گیا ہے۔ تونسہ بیراج کے بیٹ کے کچے کے علاقوں نشان والا،خادم والی، لومڑ والا، فقیر والی سمیت دائرہ د ین پناہ، احسان پور، پہاڑ پور کے بیٹ کے علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی۔ محکمہ انہار ذرائع کے مطابق تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں کمی واقع ہونا شروع ہو گئی ہے۔ دوسری طرف تونسہ بیراج سے اوپر کے آبادی والے علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے مکانات، فصلات اور راستوں کو شدید نقصان پہنچا۔ مکین حکومتی امداد کے منتظر  ہیں۔

ای پیپر دی نیشن