پاکستان اوربرطانیہ نےباہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کےلئے مل کر کام کرنے کوجاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور جنوبی ایشیا دولت مشترکہ امور کے بارے میں برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد کے درمیان ویڈیو ٹیلی کانفرنس میں طے پایا۔
ویڈیو ٹیلی کانفرنس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلی ،دولت مشترکہ سمیت کثیر الجہتی مسائل سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
فریقین نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی۔ سیکرٹری خارجہ نے علاقائی تناظر میں افغان امن عمل کےلئے پاکستان کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور بین الافغان مذاکرات کے جلد آغاز کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال، انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں ، مقبوضہ وادی کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے غیرقانونی اقدامات، جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیوں اور بھارت کی جارحانہ کارروائیوں سے امن اور سلامتی کو لاحق خطرات کو بھی اجاگر کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے کشیدگی کو کم کرنے اور جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کےلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔