وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں آصف زرداری پر فرد جرم عائد ہونے پر بلاول زرداری کی پریس کانفرنس پر ردِعمل کے اظہار میں کہا ہے کہ بلاول زرداری کی جانب سے احتساب کو مذاق کا نام دیا جانا ایک بھونڈی حرکت ہے۔ بلاول ''ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا'' کے مصداق اپنی اور اپنے پاپا کی کرپشن چھپانے کے لیے وفاقی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سندھ پر پیپلز پارٹی کے تیرہ سالہ راج کے باوجود عوام کے لیے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور ایان علی جیسے کیریکٹرز کے ذریعے اربوں کی منی لانڈرنگ سے بڑا مذاق کیا ہو گا۔ بلاول زرداری کی جارحانہ نیوز کانفرنس کے پیچھے چھپی این آر او کی فریاد صاف ظاہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے قائدین کو بچانے کے لیے منی لانڈرنگ مخالف قوانین کی مخالفت کی۔ پیپلز پارٹی کی کرپٹ حرکات نے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں دھکیل دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آمریت کے سا? میں حکومت کے مزے لوٹنے کے بعد پیپلز پارٹی آج اپنی ناکامی کا ملبہ موجودہ حکومت پر تھوپ رہی ہے۔ بلاول زرداری سانپ گزرنے کے بعد لکیر پیٹنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بلاول زرداری ایک نظر بارشی پانی میں ڈوبے کراچی پر ڈالیں، پھر وفاق پر تنقید کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اٹھارویں ترمیم کا کریڈٹ لینے والے آج تک اٹھارویں ترمیم کے اثرات صوبوں کی عوام تک نہیں پہنچا پائے۔ پی ٹی آئی حکومت اٹھارویں ترمیم پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی جانب گامزن ہے۔
٭٭٭