فنون لطیفہ کا سماجی ترقی میں اہم کردار ہے،کوویڈ 19کے دور میں مثبت معاشرتی رویوں کے فروغ کی کامیاب کوشش کی گئی: ثمن رائے

Sep 09, 2020 | 19:18

کلچرل رپورٹر

لاہور(کلچرل رپورٹر) آرٹس کونسل روزانہ کی بنیادوں پر عوام کے لئے الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے اساتذہ کے ہمراہ اپنے فیس بک صفحۃ پر براہ راست نشریات پیش کر رہی ہے،کوویڈ 19کے دنوں میں الحمرا آرٹس کونسل انتظامیہ نے اپنی تمام تر سرگر میوں کو آن لائن پیش کرنے کا فیصلہ کیا اور عوام کے لئے باقاعدہ اپنے ادبی و ثقافتی پروگرام آن لائن پیش کئے گئے جو بے حد کامیاب رہے۔اس تجربہ کے بعد اب روزانہ کی بنیاد پر الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے اساتذہ اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو الحمرا فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ثمن رائے نے کہا کہ ابلاغ کے جدید ذرائع اپنانے سے عوام اور الحمرا آرٹس کونسل کا خوبصورت رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے،فنون لطیفہ کا سماجی ترقی میں اہم کردار ہے،کوویڈ 19کے دور میں مثبت معاشرتی رویوں کے فروغ کی کامیاب کوشش کی گئی۔ اس مرحلے میں میوزیکل پرفارمنس ہفتہ بھر جاری رہیں گی۔ آج کی پرفارمنس میں معروف ستار نواز استاد سلیم خان نے اپنے فن کامظاہر ہ کیاجسے بے حد پسند کیا گیا۔

مزیدخبریں