پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کوکاروبار حصص میں اتار چڑھائورہا تاہم کاروبار مثبت زون میں بند ہوا۔ کے ایس ای100انڈیکس 42ہزار کی نفسیاتی سطح کو دوبارہ عبور کرگیا۔کاروبار میں گزشتہ روزکی نسبت کاروباری حجم بھی کم رہا۔معمولی تیزی کے سبب مارکیٹ سرمایہ میں16ارب98کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روزبدھ کوکاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورانڈیکس بڑھتا ہوا42196پوائنٹس تک پہنچ گیاتاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی فروخت بڑھنے سے مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی اورانڈیکس کم ہوتا ہوا 41615 پر آگیا تاہم بعض ازاں پیٹرولیم ،کمیونیکیشن،ٹیلی کام،سیمنٹ سیکٹر میں خریداری بڑھنے سے مارکیٹ میں خسارے کی شدت کم ہوتی گئی اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس37.06پوائنٹس بڑھ کر 42022.25پوائنٹس کی سطح پربند ہوا. اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 66.26پوائنٹس کی تیزی سے29862.56پوائنٹس پر بند ہوا لیکن کے ایس ای30انڈیکس 14.63پوائنٹس کی کمی سے17825.01پوائنٹس اورکے ایم آئی30انڈیکس312.86پوائنٹس کے خسارے سے67416.27 پر بند ہوا۔ 430کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں229کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ183میں کمی اور18میں استحکام رہا۔