لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے گزشتہ ایک ہزار دنوں میں اگر تقریروں کے علاوہ کوئی اور کام کیا ہے تو عوام کو بتائیں۔ پی ٹی آئی قوم کو بتائے وہ پولیس ریفارمز کہاں ہیں جن کا اقتدار میں آنے سے قبل روز واویلا ہوتا تھا۔ حکمرانوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا ہر چھ ماہ بعد آئی جی کی تبدیلی اور سات ماہ بعد چیف سیکرٹری بدلنے سے حالات بہتر ہو جائیں گے۔ موجودہ حکومت نے تین سالوں میں عوام کی درگت بنا دی۔ تاجر شاہد عمران کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ معصوم شاہد عمران کے قاتلوں کی گرفتاری تک جماعت اسلامی اس کیس کا پیچھا کرے گی۔ سراج الحق نے کہا کہ اس میں رتی برابر شک نہیں کہ ملک کے مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے۔ کرپٹ سرمایہ دار اور جاگیردار ٹولہ سٹیٹس کو کے محافظ ہیں۔ ان سے نجات کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ہم پاکستان کو کرپشن فری بنائیں گے۔ عدل و انصاف کا بول بالا کریں گے۔ پولیس ریفارمز لائیں گے اور نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔
وزیراعظم اور انکی ٹیم نے تقریروں کے سواکچھ کیا ہے تو بتائیں: سراج الحق
Sep 09, 2021