رحیم یار خان(بیورو رپورٹ)صوبائی سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید نے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف کی ملکیتی زمینوں کی شفاف نیلامی، نیلام شدہ زمینوں کی باقاعدگی سے ریکوری اور ناہندگان و ناجائز قابضین سے اوقاف کی زمینیں واگزار کرانے کے لئے صوبہ بھر میں ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس کے کنوینئر ڈپٹی کمشنرز اور ممبران میں ڈی پی او، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی پی اوز اور محکمہ اوقاف کے مقامی افسران شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف اپنی ایسی تمام زرعی و کمرشل زمینوں کی نشاندہی کرکے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرے جہاں پر ناجائز قابضین ہیں یا وہ باقاعدگی سے اپنی لیز کی رقم محکمہ کو فراہم نہیں کر رہے ۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او محکمہ اوقاف کی زمینیں قابضین سے واگزار کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے جبکہ ایسے افراد کی بھی لیز منسوخ کی جائے گی جو محکمہ کو طے شدہ ضوابط کے باوجود ادائیگی نہیں کر رہا۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ ضلع میں محکمہ اوقاف کی ملکیتی زمینوں کی شفاف نیلامی کو یقینی بنائے ۔