کراچی (نیوزرپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ملک کو بڑی سیاسی جماعتوں کی موروثیت اور کرپشن پر مبنی سیاست سے نکالنے کے لئے خدمت کی سیاست پر یقین رکھنے والی تمام چھوٹی جماعتوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مفاد اور سیاست ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے عوام آئندہ انتخابات میں ملکی سیاست کو سیاسی بھیڑیوں سے پاک کردیںگے۔ بڑی جماعتوں نے مایوس کیا ، چھوٹی سیاسی جماعتیںمتحد ہو کر عوام کی رہنمائی کریں۔ پاسبان مظلوموں اور غریبوں کی پارٹی ہے، مظلوموں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر مضبوط کر نا چاہتے ہیں۔ دھرتی پر پیدا ہونے والے تمام شہری حقوق میں برابر ہیں وسائل کی بنیاد پر اونچ نیچ کو تسلیم نہیں کرتے۔ حکمران ہمیں آپس میں لڑوا کر تقسیم کرتے ہیں، لسانیت اور فرقہ واریت کی آگ میں جھونک دیتے ہیںکہ کہیں ہم سب متحد ہو کر ان کے خلاف کھڑے نہ ہو جائیں۔پاسبان ظلم کے نظام کو ختم کرنے آئی ہے، اقتدار میں آکر تمام لٹیروں کا بے لاگ احتساب کریں گے۔ حکمران کرپشن کرتے ہیں ، الیکشنز میں کروڑوں لگا کر بعد میں اربوں بناتے ہیں۔ ان کے نزدیک سیاست کاروبار ہے۔ ان کے پاس اربوں کا بجٹ ہے، بلٹ پروف گاڑیاں ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاسبان کراچی کے سینیئر عہدیداروں اور یوسی صدور کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلا یں پی ڈی پی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی،وائس چیئرمین پولیٹیکل افیئرز سہیل یعقوب، وائس چیئرمین اعظم منہاس، چیف آرگنائزر کراچی طارق چاندی والا، سینیئر رہنما سردار ذوالفقار، دیگرو عہدیداروں اور ورکرزنے بھرپور شرکت کی۔