کراچی (نیوزرپورٹر)انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے)کراچی 18 ماہ کی مدت کے بعد فزیکل کلاسوں کے لئے دوبارہ کھل گیا ہے۔آئی بی اے کی انتظامیہ ایک طویل عرصے تک آن لائن تدریسی عمل بخوبی جاری رکھنے کے بعد طلبا کی کیمپس میں واپسی پر پر مسرت ہے۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، آئی بی اے کراچی، ڈاکٹر اکبر زیدی نے طلبا کو آئی بی اے میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد آئی بی اے میں فزیکل کلاسز کا اِنعقاد نہ صرف طلبا کے لئے بلکہ تمام اساتذہ کیلئے ایک خوش آئند عمل ہے۔ڈاکٹرزیدی نے آئی بی اے میں ڈجیٹل اینوویشن اور تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھنے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہم نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان میں آن لائن لرننگ کا معیار بنایا ہے۔ پاکستان میں بہت ساری یونیورسٹیوں نے ہماری فزیکل سے رموٹ لرننگ کیلئے، لئے جانے والے اقدامات اور طریقوں سے متاثر ہوکر انھیں اپنایا۔آئی بی اے نے عالمی وبا میں بدلتے ہوئے حالات میں فوری اقدامات لیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ تدریسی کیلنڈر کو بغیر کسی التوا کے جاری رکھا جائے۔ آئی بی اے کا شمار پاکستان کے ان چند اعلی تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے جنھوں نے ان چیلنجنگ حالات میں تمام سمیسٹر وقت پر مکمل کئے۔آئی بی اے نے بدلتے ہوئے حالات میں طلبا کو مکمل تعاون فراہم کیا۔ جدید آئی ٹی انفراسٹرکچر کی صورت میں تمام سہولیات فراہم کرتے ہوئے تدریسی عمل کویقینی بنایا۔ سپرنگ اور سمر سمیسٹر 2021 کے طلبا کو انٹرنیٹ یا بجلی کی بندش کا سامنا ہو تو وہ کیمپس سے آن لائن کلاسیں لے سکیں۔ دوسرے شہروں سے آئے ہوئے طلبا کے لئے آئی بی اے ہاسٹلز میں حکومت کی جانب سے جاری کرد ہ ایس او پیز (SOPs) کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان کی رہائش میں مدد فراہم کی۔