کراچی (نیوزرپورٹر)انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس ، وفاقی اردو یونیورسٹی نے یونیورسٹی کی جانب سے یونیورسٹی کے ایکٹ میں ترامیم کے موضوع پرمنعقدکیے جانے والے سیمینار سے سینیٹ کی ترامیم کمیٹی کے سابق کنوینر ڈاکٹر سید جعفر احمد، ترامیم کمیٹی کے سابق اراکین ڈاکٹر ریاض احمد اور ڈاکٹر توصیف احمد خان نے خطاب کیا۔ اس موقع پر انجمن کے صدر ڈاکٹر غلام رسول لکھن اور سیکریٹری جنرل روشن علی سومرو، ڈاکٹر شاہد اقبال اورشعبہ کمپیوٹر سائنس کے سربراہ محمد صدیق اور نامزد کنندہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر کمال حیدر نے بھی اظہار خیال کیا ۔ سابق رکن سینیٹ پروفیسر سیما ناز صدیقی کا تحریری بیان پڑھ کر سنایا گیا سیمینار سے آفیسرز ویلفیئرایسوسی ایشن کے صدر معراج محمد، معاون تدریس عمال (عبدالحق) کے صدر عدیل صابر اور معاون تدریس عمال (گلشن اقبال) کے صدر عدنان اختر نے بھی خطاب کیا اور ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کی۔ ان رہنماوں نے اپنے خطاب میں ترامیم کمیٹی کو اپنی سفارشات بھی پیش کیں۔ انہوں نے اس موقع پر منظور کی جانے والے قرارداد کی حمایت کا اعلان کیا۔اس موقع پر ایکٹ میں ترامیم کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کے سابق کنوینر اور یونیورسٹی سینیٹ کے سابق رکن ڈاکٹر سید جعفر احمد نے اپنے خطاب میں ان سفارشات سے آگاہ کیا جو ان کی کمیٹی نے سینیٹ کے اجلاس میں جمع کروائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے یہ سفارش کی ہے کہ یونیورسٹی کے مرکزی دفتر کو کراچی میں ہی قائم رکھا جائے۔ تمام کیمپسوں کو یونیورسٹی کی سینیٹ، سینڈیکیٹ ، اکیڈمک کونسل اور دیگر اداروں میں نمائندگی دی جائے۔ یونیورسٹی کے ہر کیمپس میں ایک پرو وائس چانسلر (سینئر پروفیسر) ،یونیورسٹی کی سینیٹ میں یونیورسٹی افسران اور معاون تدریس عمال کی نمائندگی ،طلبہ یونین، کسی بھی عارضی اور قائم مقام عہدہ کو چھ ماہ تک محدود رکھنے، سینیٹ، سینڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل میں اساتذہ کے تمام کیڈرز (لیکچرار، ایسسٹنٹ پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر ) کی نمائندگی کی سفارشات شامل کی گئیں ہیں۔
وفاقی اردو یونیورسٹی میں فوری طور پر مستقل وائس چانسلر کے تقر ر کا مطالبہ
Sep 09, 2021