کراچی (قمر خان) ساؤتھ ایشئن گیمز ڈوپ ٹیسٹ ناکامی پر معطل سابق پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے کرتا دھرتاؤں نے متوازی تنظیم بنانے کا منصوبہ بنالیا۔ بتایا جاتا ہے کہ معطل فیڈریشن کے بعض افراد نے صوبوں میں موجود ایتھلیٹکس و دیگر کھیلوں کی شخصیات سے رابطے کئے جا رہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق متوازی تنظیم کے قیام کے سلسلے میں ابتدائی طور پر سندھ میں غیر قانونی و غیر آئینی انتخابات کے ذریعے سندھ ایتھلیٹکس ایسو سی ایشن قائم کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ساؤتھ ایشئن گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن نے پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کو معطل کر رکھا ہے جبکہ ملک میں ایتھلیٹکس کے معاملات چلانے کے لئے وائس پریذیڈنٹ نیشنل اولمپک کمیٹی پاکستان بریگیڈیئر محمد ظہیر اختر کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے جس میں کرنل نبیل احمد رانا (آرمی) ‘ انجینئر بشیر احمد (واپڈا) ‘ ڈائریکٹر اسپورٹس( نیوی)‘ ڈائریکٹر اسپورٹس پی اے ایف‘ رانا امجد اقبال(ایچ ای سی) ‘ طارق محمود (ریلوے)‘ شبانہ اختر ( ویمنز)‘ صدف صدیق (ویمنز)‘ سہیل احمد (بلوچستان) ‘ بہر کرم (کے پی کے) ‘ رانا غفران حسین (پنجاب)‘ میجر (ر) محمود ریاض (سندھ) ‘ محمد رزاق گل ( سیکریٹری) شامل ہیں اور یہی کمیٹی ملک میں ایتھلیٹکس کے معاملات چلانے کے ذمہ دار ہیں۔