70فیصد علاقہ سیلاب میں ڈوب گیا‘ سیاسی جماعتیں اکٹھی نہیں ہو رہیں: طاہر اشرفی


چناب نگر (نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا ستر فیصد حصہ سیلاب میں ڈوب چکا اور یہ پہلا سانحہ ہے کہ سیاسی جماعتیں اکٹھی نہیں ہو پا رہیں، صدر پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کردار ادا کریں۔ میرا گمان ہے صدر بلائیںگے۔ وزیر اعظم شہباز شریف ایوان صدر چلے جائیں گے۔ فوج اور قوم کو لڑانے کا پلان شروع ہوچکا ہے۔ پاکستان میں کوئی زعم میں نہ رہے کہ وہ بڑا پاپولر ہے، یہاں کوئی پاپولر ہے تو صرف پاک فوج۔ پاکستان فوج میں سپاہی سے جرنیل تک سب محب وطن ہیں۔ ہماری فوج میں کوئی غدار نہیں، جس پر کوئی بھی انگلی اٹھا سکے، بات تلخ ہے کہ فوج نے سیاسی رول ادا کیا، اب جنرل باجوہ نے نومبر 2021ء کے بعد وہ رول ختم کر دیا، اب کچھ دوست چاہتے ہیں فوج دوبارہ سیاست میں مداخلت کرے۔ اگر فوج نے خود کو سیاست سے الگ کر لیا ہے تو اب سیاستدان بھی حوصلہ کریں۔کئی سالوں سے جو فوج اور قوم کو لڑانا چاہتے تھے اب وہ بہت آگے بڑھ گئے کہ فوج میں تقسیم پیدا کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن