پشاور (بیورو رپورٹ) ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پاکستان کے افغانستان کے خلاف میچ جیتنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 3افراد جاں بحق جبکہ 8خواتین سمیت 9افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث 41 افراد کو حراست میں لے لیا جن کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق پشاور میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ میں پاکستان کے جیتنے کی خوشی میں شہر کے مختلف مقامات پر ہوائی فائرنگ کے واقعات پیش آئے جس کے دوران 3افراد جاں بحق اورخواتین سمیت 9افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق متنی ادینزئی میں جلیل خان نامی شخص ہوائی فائرنگ کررہا تھا جس کے نتیجہ میں اس کا 22سالہ بیٹا سدیس اور ہمسایہ خیام جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔ جبکہ دیگر علاقوں میں بھی ہوائی فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے جس کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے جن میں محمد اسماعیل، مسماۃ ثمینہ، طیبہ، سمیرا، شائستہ، زوجہ رفیع اللہ، زبیدہ، رقیہ اورر افیعہ شامل ہیں۔ دوسری جانب جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں غیر قانونی اسلحہ کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے۔