گورنر پنجاب نے (یو ای ٹی) میں 300 طالبات کیلئے ہاسٹل کا افتتاح کر دیا

Sep 09, 2022


لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب اور چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی محمد بلیغ الرحمان نے وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور کے ہمراہ یونیورسٹی میں 300 طالبات کیلئے ہاسٹل کا افتتاح کردیا ہے۔ ہاسٹل ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی معاونت سے 144 ملین روپے کی خطیر رقم سے مکمل کیا گیا۔ ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے مضامین میں صرف 35 فیصد طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کرتی ہیں۔ لہٰذا، ان شعبوں میں طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں سہولیات فراہم کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے طالبات کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرکیٹیکچر، ٹاؤن پلاننگ اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ایک محفوظ جگہ فراہم کرنے پر یو ای ٹی اور ایچ ای سی کی کاوشوں کو سراہا۔  انہوں نے کہا فلڈ ریلیف کیلئے مہم کو تیز کیا جائے، زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس مہم کا حصہ بنایا جائے۔ محمد بلیغ الرحمان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور، ان کی ٹیم میں شامل تمام افراد کو مبارکباد بھی پیش کی۔

مزیدخبریں