اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیرخزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کا عمل متاثر ہوا، تاہم معاشی نمو کو برقرار رکھنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر ڈیریک کوہلٹ اور پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات میں کہی۔ وزیر خزانہ نے امریکی وفد کا خیرمقدم کیا اور پاک امریکہ دوطرفہ کثیرالجہتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے امریکی محکمہ خارجہ کے وفد کو ملک کی معاشی صورتحال اور پیش منظر سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو مشکل وقت سے نکلنے کیلئے موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے انتظامی اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے معیشت مشکل دور سے گزر رہی ہے، جس سے زرعی شعبے اور بنیادی ڈھانچہ کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر نے معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مشکل اقدامات پر وزیر خزانہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصان اور ملک کو درپیش مشکل وقت پر ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔