یوم بحریہ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش وجذبے سے منایا گیا، 8ستمبر 1965 ء کو پاک بحریہ کی لازوال قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق8 ستمبر یوم بحریہ ملکی تاریخ کا عظیم الشان اور یاد گار دن ہے، جب1965 ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے سرفروشوں نے اپنی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک  میں ملا دیا۔7  اور8 ستمبر1965 ء کی شب پاک بحریہ کے سات جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑے نے آپریشن سومنات کے دوران بھارت کی بندرگاہ دوارکا پر بمباری کی۔ اس مستعد اور زیرک آپریشن نے اہم ساحلی تنصیبات بشمول بھارتی ریڈار سٹیشن اور ریڈیو بیکن کو تباہ کیا جو کہ کراچی پر حملہ کے لئے بھارتی فضائیہ کے جہازوں کو رہنمائی فراہم کر رہا تھا۔ یوم بحریہ پاکستان نیوی کی واحد آبدوز غازی کے تاریخی کارناموں کی یاد میں بھی منایا جاتا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اپنی دلیر و جری بحری فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پوری قوم پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو ملک کی حفاظت کیلئے لازوال قربانیاں پیش کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا میں تنصیبات کو تباہ کرنے کے کئی گناہ مضبوط دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق نیول چیف نے کہا ہے کہ8 ستمبر پاک بحریہ کی تاریخ میں ایک سنہرا باب ہے۔ آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں  نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یوم بحریہ 2022 ء کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ8 ستمبر کا دن پاکستان نیوی کی تاریخ میں سنہرے باب کے طور پر رقم ہے جو پاک بحریہ کے سرفروشوں کی لازوال قربانیوں اور جذبوں کی یاد دلاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن