واشنگٹن (این این آئی) امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی مرمت کیلئے سامان اور آلات فروخت کرنے کی منظوری دیدی۔ پینٹاگون کے بیان کے مطابق 45 کروڑ ڈالرز کے معاہدے کی منظوری دی گئی، اس کا ٹھیکہ لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کو دیا جائیگا۔ امریکی ادارے یو ایس ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے حکومت پاکستان کو پاکستان ائیرفورس کی ایف 16 فلیٹ کیلئے متعلقہ اوزار اور سامان فروخت کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایف 16 طیاروں کی سسٹینمنٹ اور سپورٹ پروگرام کیلئے امریکی حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق امریکا کی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے اس حوالے سے مطوبہ سرٹیفکیشن فراہم کر دی ہے جس کے بعد کانگریس کو اس ممکنہ فروخت کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔